اسلام آباد ، 4 اکتوبر ( اے پی پی): پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر کا منصوبہ، جو گزشتہ 13 سال سے التوا کا شکار تھا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر تیزی سے مکمل کیے جانے کی راہ پر گامزن ہے۔
اس سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پارلیمنٹ لاجز کے زیر تعمیر بلاک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری کام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو بلاک کی تعمیر آئندہ چار ماہ میں مکمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ 2012 میں شروع کیا گیا تھا اور اسے 2013 میں مکمل ہونا تھا، تاہم مختلف قانونی اور انتظامی پیچیدگیوں کے باعث یہ 13 سال تک تعطل کا شکار رہا۔
بریفنگ کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ منصوبے کو 2014 تک توسیع دی گئی تھی، مگر کنٹریکٹر کی جانب سے کام روک دیے جانے کے باعث تعمیر رکی رہی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اب فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے اور منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ جلد از جلد اس کی تکمیل کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلاک کی تکمیل سے تمام اراکین پارلیمنٹ کو معیاری رہائشی سہولت میسر آئے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز کا نیا بلاک 104 رہائشی یونٹس پر مشتمل ہوگا اور جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔











