اسلام آباد : ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، نیا بین الاقوامی کنونشن ہال تعمیر کرنے کا فیصلہ

14

 

اسلام آباد ، 5 اکتوبر ( اے پی پی):    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں 3 گھنٹے طویل اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

‎اجلاس کے دوران وزیر اعظم کی ہدایت پر 2027 میں منعقد ہونے والی ایس سی او کانفرنس کے پیش نظر جناح کنونشن سینٹر کے ساتھ ایک نیا اور بڑا کنونشن ہال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ نیا کنونشن ہال بین الاقوامی معیار کے مطابق اور جدید ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے، جس میں متعدد بڑے کانفرنس اور میٹنگ رومز شامل ہوں۔

‎وزیر داخلہ نے اس اہم منصوبے کے ڈیزائن کے لیے بین الاقوامی و مقامی بہترین آرکیٹیکٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی، تاکہ منصوبے کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

‎اجلاس میں اسلام آباد ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کے لیے جامع پلان طلب کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں نئے پولیس تھانوں کی تعمیر پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔محسن نقوی نے 6 پولیس تھانوں کی تعمیر کا کام 45 دن میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا، جبکہ مزید 10 تھانوں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔

‎اجلاس کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ:

* پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر کا کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کی تمام پائلز مکمل ہو چکی ہیں جبکہ شاہین چوک کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔

اس کے علاوہ بتایا گیا کہ پاک سیکرٹریٹ کے آر بلاک کی عمارت کی بحالی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔اجلاس کے اختتام پر وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ اسلام آباد کو ایک جدید، محفوظ اور بین الاقوامی معیار کا شہر بنایا جا سکے۔