کوالالمپور،7اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اپنی اقدار اور اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام دو بارہ حاصل کر سکتی ہے،قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ امانت ہے ،قیادت کو دیانت، اخلاص ،عدل اور شفاف احتساب کے ساتھ ادا کرنا لازم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ملائیشیا کی انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طرف سے پی ایچ ڈی (ڈاکٹریٹ) لیڈر شپ اینڈ گورننس کی اعزازی ڈگری دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آف ملائیشیا سے ڈاکٹریٹ کی طرف سے اعزازی ڈگری میرے لیےباعث اعزاز ہے ،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا جیسی عظیم علمی درسگاہ سے لیڈرشپ اور گورننس میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عاجزی کے ساتھ وصول کر رہا ہوں،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آف ملائیشیا علم و دانش کا مرکز ہے، یہ عظیم درسگاہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پوری ایمانداری اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے ،ہمیشہ خلوص نیت اور ثابت قدمی کے ساتھ عوام کی خدمت کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خواہش ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان علمی تعاون مضبوط ہو، بطور خدمتگار اور رہنما یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انہیں درست پلیٹ فارم فراہم کریں تاکہ ہمدردی اور زبردست عزم کے ساتھ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کر سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اعزازی ڈگری عطا کرنے پر یونیورسٹی کے صدر ،چانسل،ر یکٹر، وزیر تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلبا کا شکر گزار ہوں۔
اس موقع پرملائیشیاکی ریاست پہانگ کی ملکہ اور انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی آف ملائیشیاکی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قیادت اور طرز حکمرانی میں اعزازی( ڈاکٹریٹ) ڈگری عطا کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک بصیرت، نظم و ضبط اور رحم دلی کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے اورپنجاب کی قیادت سے لے کر ملک کی وزارت عظمٰی تک ثابت کیا ہے کہ اصل قیادت طاقت نہیں بلکہ مقصد سے عبارت ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کےپنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے قیام جیسے اقدامات سے ہزاروں ایسے طلبا کے لیے اعلی تعلیم کے دروازے کھول دیئے گئے جو کبھی یونیورسٹی جانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے، یہ وہ قیادت ہے جو دلوں کو چھوتی اور مستقبل کو بہتر بناتی ہے، آج کے دور میں جب دنیا ظاہری شان و شوکت کو اخلاقیات پر ترجیح دی جاتی ہے آپ کی قیادت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اچھی حکمرانی خلوص، خدمت اور مضبوط کردار کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصے سے ملائیشیا کا برادر ملک اور آئی آئی یو ایم کا بانی شراکت دار ہے اور وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں یہ رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے ،آج ہمارے پاکستانی طلبا،اساتذہ اور سابق طلبا یونیورسٹی کو مسلسل علمی و فکری طور پر مالا مال کر رہے ہیں اور مسلم امہ کی خدمت کے ہمارے مشترکہ مشن کی خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعزازی ڈگری محض ایک کامیابی کا اعتراف نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ان اقدار کا جشن ہے جنہیں ہم عزیز رکھتے ہیں اور جو عدل خدمت اور رہنمائی ہیں۔
قبل ازیں ملائیشیاکی ریاست پہانگ کی ملکہ اور انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی آف ملائیشیاکی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پی ایچ ڈی (ڈاکٹریٹ ) لیڈرشپ اینڈ گورننس کی اعزازی ڈگری دی۔











