کوالالمپور،وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی ملائیشیا کے وزیرِ ڈیجیٹل گووبند سنگھ دیو سے ملاقات

11

کوالالمپور، 7 اکتوبر )اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے منگل کو ملائیشیا کے وزیرِ ڈیجیٹل گووبند سنگھ دیو سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات کوالالمپور میں منعقدہ پاکستان۔ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل تبدیلی، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں وزراء نے ای۔کامرس، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت(اے آئی) اور فائیو جی انفراسٹرکچر جیسے جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعاون سے نہ صرف کاروباری روابط مضبوط ہوں گے بلکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

 وفاقی وزیر جام کمال خان اور گووبند سنگھ دیو نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم انور ابراہیم کی حالیہ ملاقات کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ وزراء نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ P@SHA اور Pikom کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) ڈیجیٹل تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔

بعد ازاں دونوں وزراء نے ٹیک کنیکٹ کانفرنس کا مشترکہ افتتاح کیا، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کی نمایاں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکاء نے ڈیجیٹل معیشت، آئی ٹی انوویشن اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔