اسلام آباد، 7 0اکتوبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابرہیم الشیخ نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور مسلم امہ کے اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادقنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عقیدت ، بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی ہیں ،سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعاون دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ دوستی، اعتماد اور علاقائی امن کا مظہر ہے،اسٹریٹجک معاہدہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز اور باعث فخر ہے، معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری اور ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان، اسپیکر مجلسِ شوریٰ ڈاکٹر عبداللہ الشیخ اور سعودی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان–سعودی اسٹریٹیجک میوچول ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط تاریخی سنگِ میل ہے،اسپیکر سردار ایاز صادق نے سعودی شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور اسپیکر مجلسِ شوریٰ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کو معاہدے پر مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے ہمیشہ مسلم اُمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا وژن امہ کی فلاح اور ترقی کی علامت ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سعودی عرب کے قائدانہ اور مثبت کردار کو سراہا،اسپیکر سردار ایاز صادق کاُکہنا تھا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے اسے حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری ملی ہے۔چیئرمین شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ محمد بن ابرہیم الشیخ کو پاک-سعودی تعلقات کے فروغ کیلئے ان کی کاوشوں کے اعتراف میں پاکستان کا سب کا بڑا سول ایوارڈ کل دیا جائے گا۔
سعودی چیئرمین شوریٰ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابرہیم الشیخ نے اسپیکر کے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی محسوس کر رہا ہوں،پاکستان اور سعودی عرب ہر شعبے میں ساتھ ساتھ ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات وقت کے ساتھ مزید بہتر ہوتے جا رہے ہیں، چیئرمین دفاعی معاہدہ نے دونوں ممالک کو بہت قریب لایا ہے،چیئرانہوں نے کہاکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے، پاکستان کی پارلیمان اور سعودی شوریٰ کے مابین تعلقات میں وسعت کی ضرورت ہے،پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ملک ہے،سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،سعودی عرب کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابرہیم الشیخ نے کہا کہ امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مسلم ممالک میں اتحاد اور یکجہتی ناگریز ہے، دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کے اتحاد، علاقائی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر زور دیا۔ دونوں برادر ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
ملاقات میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی شریک تھے۔











