وفاقی وزیرِ تجارت  کی کوالالمپور میں مختلف صنعتی، کاروباری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں

17

کوالالمپور، 7 0اکتوبر (اے پی پی): پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں وفاقی وزیرِ تجارت نے کوالالمپور میں مختلف صنعتی، کاروباری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں پاکستان۔ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر ہوئیں جن میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی تجارت کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ڈیجیٹل انوویشن، سیمی کنڈکٹر انڈسٹری، اور زرعی تحقیق جیسے شعبوں میں اشتراک کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ مختلف کمپنیوں اور اداروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کاروبار دوست پالیسیوں کے تحت نجی شعبے کے لیے وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اَپ کلچر اور ڈیجیٹل اکنامی کے فروغ میں بین الاقوامی تعاون پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

کاروباری وفود نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے مارکیٹ پوٹینشل کو سراہا اور مختلف منصوبوں میں شمولیت کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے اور نئی سرمایہ کاری کے دروازے کھولنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت کی یہ ملاقاتیں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہیں، جو مستقبل میں کاروباری تعاون کو مزید مضبوط بنیاد فراہم کریں گی۔