لاہور،7 0اکتوبر (اے پی پی): محکمہ داخلہ پنجاب میں بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، کمشنر لاہور سمیت متعلقہ اضلاع کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور رہائش کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ گوردوارہ جنم استھان سمیت تمام گوردواروں میں گیس اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
صوبائی وزیر پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ہدایت کی کہ تمام ادارے یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامات بروقت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ” یہ معاملہ پاکستان کی عزت کا ہے، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔“انہوں نے مزید کہا کہ امیگریشن کے عمل کو تیز بنانے کے لیے ایف آئی اے زیادہ سے زیادہ کاؤنٹرز قائم کرے۔ گوردواروں کے اطراف میں ایسی اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد ہوگی جو سکھ مذہب میں منع ہیں۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا کہ احترامِ مذہب اور مہمان نوازی ہماری روایت ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود صورتحال کے باوجود ہم اپنے سکھ مہمانوں کو پہلے سے بڑھ کر عزت، محبت اور احترام دیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے سکھ بھائی یہاں خود کو اپنے گھر جیسا محسوس کریں۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ نے تجویز پیش کی کہ پاکستانی سکھ ڈاکٹر جنم دن کی تقریبات کے دوران یاتریوں کو میڈیکل کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات پیش کریں ۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے واضح کیا کہ سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔انہو ں نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات 4 سے 13 نومبر تک جاری رہیں گی، جبکہ مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔ دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری اس مذہبی تہوار میں شرکت کریں گے، جن میں بھارت سے معاہدے کے تحت تین ہزار یاتری شامل ہوں گے۔ یاتری گورو دوار ہ جنم استھان ننکانہ صاحب، سچا سودا فاروق آباد،گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، گورو دوارہ دربار صاحب کرتارپور، گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور لاہور کے تاریخی گوردواروں کا بھی دورہ کریں گے۔











