وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا پاکستان میری ٹائم انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کا اعلان

15

اسلام آباد، 08 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان میں پہلی بار “پاکستان میری ٹائم انویسٹمنٹ فورم” کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جو عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرے گا۔

جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت بحری امور سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں فورم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بندرگاہوں، ماہی گیری، جہاز سازی اور ساحلی سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اور منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فورم کی تاریخ اور مقام کا اعلان جلد کیا جائے گا،اور اس کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیش کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق میری ٹائم فورم پاکستان کو سمندری سرمایہ کاری کا نیا مرکز بنائے گا۔

اجلاس میں فورم کی تشہیر کے لیے میڈیا اور برانڈنگ مہم کی تیاری پر بھی مشاورت کی گئی۔ متعلقہ اداروں کو سرمایہ کاری تجاویز اور منصوبوں کی پیشکش کے لیے معیاری ٹیمپلیٹس تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم انویسٹمنٹ فورم بلیو اکانومی کے فروغ اور سمندری شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔