وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کا دورہ،شہداء کوخراج عقیدت، فورس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا

11

پشاور، 10 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور فورس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری کے میوزیم کا بھی دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے قدیم اسلحے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں محسن نقوی کی زیر صدارت فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فورس کی استعداد کار بڑھانے اور موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی، اور انہیں بیرونِ ملک تربیتی پروگرامز میں شرکت کے مواقع بھی دیے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو پاکستان کی صفِ اول کی فورس بنانے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فورس کو ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قیامِ امن میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکے۔ وفاقی وزیرمحسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف ایف سی کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔