‎حکومت مصنوعی ذہانت ، آئی ٹی کے شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی  ہے،وزیراعظم شہباز شریف

16

‎لاہور ، 11 اکتوبر ( اے پی پی):  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کے شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے تاکہ انہیں ملکی معیشت کی ترقی کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔

‎  مصنوعی ذہانت  کے فروغ اور اس کے عملی نفاذ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں مصنوعی ذہانت کلیدی کردار ادا کرے گی، اور اس کے ذریعے عوامی خدمات اور پالیسی سازی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

‎ اجلاس میں حکومت کی جانب سے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

‎وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور    دیا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں ڈیٹا پروٹیکشن اور ڈیٹا خودمختاری   جیسے اہم پہلوؤں کو مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

‎اجلاس میں وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت کے فروغ اور اس پر عملدرآمد کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی۔

‎اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ماہرین پر مشتمل ایک اے آئی ایڈوائزری پینل بھی قائم کیا جا رہا ہے جو قومی سطح پر  اس سے متعلق پالیسی سازی اور منصوبہ بندی میں رہنمائی فراہم کرے گا۔