صحت کی سہولیات میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر

12

ملتان ،11 اکتوبر (اے  پی  پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے ساؤتھ سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، ادویات کے معیار، صفائی کے انتظامات اور مشینری کی فعالیت کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے، ساتھ ہی اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی تمام سہولیات بروقت فراہم کی جا رہی ہیں۔
وسیم حامد سندھو نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری علاج اور مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت عامہ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو بہترین صحت کی سہولیات کی فراہمی ہے، جبکہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔