اسلام آباد، 14 اکتوبر ، ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مصر سے لوٹتے ہی سرکاری مصروفیات شروع ، وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے دورہء مصر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔اجلاس کے شرکاء نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کو سفارتی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غزہ امن سربراہی اجلاس کے دوران پاکستان کو ایک اہم مقام حاصل رہا ، آپ نے اپنی محنت سے پاکستان کو سفارتی سطح پر ایک انتہائی اہم مقام دلایا ہے ،اجلاس میں وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے تمام ٹائم لائینز ہر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔جناح میڈیکل کمپلیکس ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہو گا جہاں عوام کو بین الاقوامی معیار کی علاج معالجے کے سہولیات دستیاب ہوں گی ۔
اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کی تعمیر میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور کنٹریکٹ کے حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے،منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لئے ماہرین کے انتخاب کے حوالے سے اشتہار جلد جاری کیا جائے گا۔
جناح میڈیکل کمپلیکس کے چیف ایگزیکٹو افسر کی تعیناتی کے لئے وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے کی جیو ٹیک اسٹڈی مکمل کی جاچکی ہے جبکہ ہائیڈرولوجی اور سیسمک اسٹڈیز نومبر میں مکمل کر لی جائیں گی ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے قومی صحت مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











