لاہور، 15 اکتوبر (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیرِ صدارت لاہور میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور تاریخی مقامات کے اردگرد ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے شرکت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے اجلاس کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری سے شہر کے رش والے مقامات کی ری ڈیزائننگ اور ری ماڈلنگ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ داتا دربار کے گردونواح میں غیر ضروری تجاوزات اور اڈوں کے خاتمے کے لیے جلد آپریشن شروع کیا جائے گا راوی روڈ، آؤٹ فال روڈ اور ریٹی گن روڈ کو کشادہ اور خوبصورت بنانے کے منصوبوں پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا، مزید بتایا گیا کہ ناصر باغ اور کچہری چوک کے قریب انڈر پاس کی تعمیر کی تجویز پر بھی کام جاری ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن سے آزادی چوک تک پراجیکٹ کی تکمیل سے اندرون شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی مفاد میں اہم فیصلے کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندرون لاہور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور ایسے ترقیاتی منصوبوں سے کاروباری طبقے کو بھی سہولت ملے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریلوے اسٹیشن اور داتا دربار کے اطراف پائیدار ترقی ) پر ڈویلپمنٹ کی جائے گی۔ بلال یاسین نے کہا کہ لاہور کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید شہری سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔











