وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات

15

واشنگٹن ڈی سی، 15 اکتوبر  (اے پی پی ): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مڈل ایسٹ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان خطے کے وزراء خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز بھی شریک تھے۔

وزیر خزانہ نے بطور لیڈ اسپیکر اجلاس کے شرکا سے خطاب کیا اور پاکستان کی معیشت میں استحکام کے حصول کے لیے حکومت کی کامیاب کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے جامع اصلاحاتی اقدامات کی بدولت مالیاتی نظم و ضبط، مانیٹری پالیسی اور ترقیاتی اقدامات کے درمیان بہتر توازن پیدا ہوا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ طے پانے والے اسٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اصلاحات کے تسلسل پر گامزن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری، ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی میں اصلاح، اور نجکاری کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے شرکا کو بتایا کہ حکومت ملکی مصنوعات کی مسابقت بڑھانے، برآمدات میں اضافے، اور معیشت کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ٹیرف پالیسی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن جیسے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں ؛خصوصاً معدنیات، کان کنی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، زراعت، تیل و گیس، اور فارماسیوٹیکلز ، میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام بن رہا ہے۔