واشنگٹن ڈی سی، 16 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے ایگزیکٹو نائب صدر ہیروشی ماتانو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے جاری ثالثی معاملات میں تعاون پر مِیگا کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاروں کے اعتماد اور قومی مفاد کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ نے مِیگا کی جانب سے قلیل مدتی تجارتی فنانس سہولت کے مجوزہ منصوبے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں خوراک، کھاد، توانائی اور ضروری مشینری کی درآمدات میں معاون ثابت ہوگا اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
محمد اورنگزیب نے اس منصوبے کے بروقت نفاذ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے تسلسل کے لیے مِیگا سمیت عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔











