واشنگٹن ڈی سی،16 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی اعلیٰ انتظامیہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے درمیان دیرینہ شراکتی تعلقات کو سراہا اور دونوں فریقین کے درمیان مالی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ نے گفتگو کے دوران بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور پالیسی اقدامات کی توثیق کو ایک مثبت اشارہ قرار دیا۔
انہوں نے پانڈا بانڈ کے اجراء اور آئندہ یوروبانڈز و بین الاقوامی سکوک کے ذریعے عالمی سرمایہ مارکیٹوں تک پاکستان کی رسائی کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔
ملاقات میں تجارتی فنانسنگ سہولتوں اور بینکاری شعبے کے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سے مستقبل کے تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مزید تجاویز پیش کرنے کی درخواست کی۔











