پی این سی اے میں انٹرنیشنل فوٹوگرافی ایگزیبیشن اینڈ کمپٹیشن 2025 کا انعقاد

12

اسلام آباد،16 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں دوسری آئی سی سی–آئی سی انٹرنیشنل فوٹوگرافی ایگزیبیشن اینڈ کمپٹیشن 2025 کا افتتاح کیا۔

یہ نمائش اسلام آباد کیمرا کلب  اور اسلام آباد کلب کے اشتراک سے، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس  کی معاونت سے منعقد کی گئی ہے۔

اس سال کی نمائش میں 64 فوٹوگرافرز کے فن پارے شامل کیے گئے ہیں جن میں بین الاقوامی فنکار بھی نمایاں ہیں۔ کل 97 بہترین تصاویر منتخب کر کے نمائش کے لیے پیش کی گئیں ہیں جو موضوعات اور فنونِ لطیفہ کے تنوع کی خوبصورت عکاسی کرتی ہیں۔ تقریب کا مقصد فوٹوگرافی کو ایک عالمی زبان کے طور پر اجاگر کرنا تھا جو ثقافتوں کو جوڑتی اور انسانی تجربے کی مشترکہ کہانی بیان کرتی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ فوٹوگرافی ایک ایسا فن ہے جو زندگی کے قیمتی لمحات کو ہمیشہ کے لیے محفوظ کر لیتا ہے۔  وزارت کے تمام ادارے ایسے ثقافتی و تخلیقی پروگراموں کے فروغ کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

انہوں نے غیر ملکی شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ سالوں میں یہ فوٹوگرافی نمائش مزید بڑے پیمانے پر منعقد کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے منتظمین اور فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ثقافتی سرگرمیاں پاکستان کے مثبت اور ترقی پسند تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔