اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قران حکیم وہ سرچشمہ ہدایت ہے جو ہمیں کامیابی کے ساتھ منزل سے ہمکنار کر سکتا ہے۔ قرآن و سنتؐ سے رہنمائی لے کر ہی ہم اپنےمعاشرے کو اسلامی اصولوں میں ڈھال سکتے ہیں۔ ہر کلمہ گو پر لازم ہے کہ وہ قرآن حکیم کا علم حاصل کرے اور اس پر عمل کرے۔
جمعرات کو وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام چالیسویں سالانہ مقابلہ برائے حفظ و قرات قرآن حکیم کی تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے مقابلہ میں انعامات و اسناد حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ درحقیقت قرآن حکیم ہی وہ کتاب ہدایت ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت کی کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بچے خوش نصیب ہیں جنہوں نے اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی روشنی سے منور کیا ۔ ان بچوں نے ضلع ڈویژن اور صوبائی مقابلوں کے بعد قومی مقابلہ میں حصہ لیا ۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں میں اول ، دوم اور سوم آنے والے بچوں اور بچیوں کو نقد انعامات اور اسناد سے نوازا۔











