اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی ): پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ عوامی روابط، تعلیم، ثقافت، سائنس اور تجارت کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ممالک کے درمیان تعلقات صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ عوامی سطح پر تعاون کو بھی ترجیح دی جانی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ “ایکسپلورنگ نیو ہورائزنز اِن نان ٹریڈیشنل سکیورٹی ڈومین” سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو کنسورشیم فار ایشیا پیسیفک اینڈ یوریشین اسٹڈیز کے یوریشیا چیپٹر کے آغاز کے موقع پر منعقد ہوا۔
سیمینار میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں، ماہرینِ تعلیم اور پالیسی تجزیہ کاروں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز، مثلاً ماحولیاتی تبدیلی، وبائیں اور ترقی کے غیر روایتی پہلو، باہمی تعاون اور اشتراک کے ذریعے ہی حل کیے جا سکتے ہیں۔
شرکاء نے تعلیم، تحقیق، ثقافتی تبادلوں اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی و ادارہ جاتی روابط بڑھا کر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط اور دیرپا بنایا جائے گا۔











