لاہور، 16 اکتوبر (اے پی پی):وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے اپنے حلقے میں کھلی کچہری لگائی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے علاقے کے عمائدین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا۔ بلال یاسین نے مختلف یونین کونسلز سے آئے شہریوں کی سفارشات اور شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دو روز قبل اندرون لاہور میں سسٹین ایبل ماڈل پر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے، جس سے شہر کے ٹریفک اور دیگر شہری مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ بلال یاسین نے کہا کہ داتا دربار کے ارد گرد ترقیاتی اورری ماڈلنگ کے کاموں کے بعد جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ زائرین کو بہترین ماحول میسر آئے۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے بتایا کہ اندرون شہر میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور پرانے پلانٹس کی بحالی جلد مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیرِ زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کے بعد پارکس کی بحالی اور عوامی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔











