ادیس ابابا، ایتھوپیا، 17 اکتوبر( اے پی پی ): ادیس ابابا کے “ملینیم ہال” میں آج پانچویں پاکستان۔افریقہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ کانفرنس (PATDC) اور میڈ اِن پاکستان نمائش کا باضابطہ افتتاح ہوگیا۔ یہ تاریخی ایونٹ وزارتِ تجارت، حکومتِ پاکستان اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے، پاکستانی سفارتخانہ ادیس ابابا کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
تین روزہ کانفرنس اور نمائش میں پاکستان کے سو سے زائد معروف ایکسپورٹرز، صنعتکاروں اور افریقہ بھر سے کاروباری و سرکاری نمائندے شریک ہیں، جو تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد ایتھوپیا، افریقی یونین اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔
پاکستان کے سفیر برائے ایتھوپیا، جناب میاں عاطف شریف نے استقبالیہ خطاب میں کانفرنس کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم پاکستان کی “Look Africa” پالیسی کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا، “ایتھوپیا مشرقی افریقہ کا دروازہ ہے اور پاکستان کے لیے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کا مثالی مقام ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر برائے پاکستان جمال بکر نے دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعاون اور دوستی کا سفر مزید مضبوط ہو رہا ہے، اور PATDC جیسے فورمز دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کو نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ایتھوپیا کی وزارتِ خارجہ کے ایشیا و اوشیانیا امور کے ڈائریکٹر جنرل امبیسڈر دیوانو کیدیر نے پاکستان کی افریقہ کے ساتھ فعال تجارتی حکمتِ عملی کو سراہا اور کہا کہ “پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات جنوبی-جنوب تعاون کی ایک بہترین مثال ہیں۔
پاکستانی سفارتخانے کے وزیرِ تجارت و سرمایہ کاری جناب باسط سلیم شاہ نے ایتھوپیا کی حکومت کی مہمان نوازی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ایونٹ نہ صرف تجارت بلکہ اعتماد اور دیرپا شراکت داریوں کے قیام کا باعث بنے گا۔
ٹی ڈی اے پی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالکریم میمن نے پاکستان کی برآمدی کارکردگی پر پریزنٹیشن پیش کی اور افریقی منڈیوں میں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ اور زرعی مصنوعات کے شعبوں میں مواقع پر روشنی ڈالی۔
مہمانِ خصوصی، ایتھوپیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس ڈاکٹر علیمو سیمے فیسا نے تقریب کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ “ایتھوپیا خطے میں معاشی انضمام کے فروغ اور تجارتی سہولت کاری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “آج کا یہ اجتماع پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
وفاقی وزیرِ تجارت، جناب جام کمال خان نے اپنے خطاب میں پاکستان کی افریقہ کے ساتھ پائیدار معاشی تعلقات کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا، “ہم افریقہ کے ساتھ صرف تجارت نہیں بلکہ مشترکہ ترقی اور اجتماعی خوشحالی کے شراکت دار ہیں۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں، جس کے بعد ربن کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیرِ تجارت سمیت دیگر معزز شخصیات نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور نمائش کنندگان سے تبادلہ خیال کیا۔
تین روزہ کانفرنس میں پالیسی مباحثے، شعبہ وار پریزنٹیشنز اور کاروباری ملاقاتیں (B2B) شامل ہیں۔ یوگنڈا، کینیا، روانڈا، جنوبی سوڈان اور تنزانیہ سمیت دس سے زائد افریقی ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ پہلے دن سینکڑوں خریداروں نے مختلف شعبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی، جبکہ اگلے دو دنوں میں مزید بڑے پیمانے پر شرکاء کی آمد متوقع ہے۔
پانچویں پاکستان۔افریقہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ کانفرنس اور میڈ اِن پاکستان نمائش پاکستان کی افریقہ کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی علامت ہے، جو باہمی فائدے، صنعتی تعاون اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی ہے۔
اے پی پی/سعیدہ/نورین











