وفاقی وزیرِ خزانہ کی ایس اینڈ پی گلوبل کے وفد سےملاقات

10

واشنگٹن ڈی سی، 16 اکتوبر  (اے پی پی ): وفاقی  وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نےواشنگٹن ڈی سی میں   ایس اینڈ پی گلوبل کے وفد سے جمعرات کو  ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی اعتماد اور بیرونی توثیق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی درجہ بندیوں کا ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہونا پاکستان کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے ایس اینڈ پی گلوبل کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے نئے اسٹاف لیول معاہدے سے آگاہ کیا، جو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی کے دوسرے اور ریزلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے پہلے جائزے سے متعلق ہے۔

وزیرِ خزانہ نے وفد کو فسکل، مانیٹری اور بیرونی شعبوں میں حالیہ پیش رفت اور اصلاحاتی پروگرام کے تحت حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے ایس اینڈ پی گلوبل کے ساتھ تعمیری رابطے اور تعاون کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے پائیدار معاشی استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی خواہش کا اظہار کیا۔