وزیرِ خزانہ کا ورلڈ بینک کے زیرِ اہتمام ریجنل راؤنڈ ٹیبل آن ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اِن ٹیکس ایڈمنسٹریشن سے خطاب

13

واشنگٹن ڈی سی، 16 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے زیرِ اہتمام” ریجنل راؤنڈ ٹیبل آن ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اِن ٹیکس ایڈمنسٹریشن“ سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔

وزیرِ خزانہ نے اپنے خطاب میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پلان کی تفصیلات بیان کیں اور ایک جدید، شفاف اور مؤثر ٹیکس نظام کے قیام کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کے نتیجے میں وصولیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جو پالیسی اقدامات کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔ حکومت معیشت کے ساتھ بہتر انضمام، کاروبار میں آسانی، اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے مزید بتایا کہ پاکستان کسٹمز میں انڈر انوائسنگ کے مسئلے پر قابو پانے اور تجارت میں سہولت کے لیے بھی متعدد اصلاحات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایف بی آر کی کارکردگی میں بہتری کے لیے افرادی صلاحیت میں اضافہ، تنظیمی ڈھانچے کی اصلاح، اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ایک مستحکم اور جدید ریونیو نظام قائم کیا جا سکے۔