پنجاب میں عالمی معیار کے اسپورٹس منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، کھیلوں کے منصوبے پنجاب کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، فیصل ایوب کھوکھر

43

لاہور، 16 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر  نے کہا کہ پنجاب میں عالمی معیار کے اسپورٹس منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، کھیلوں کے منصوبے پنجاب کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے   اہم اجلاس کی  صدارت ا کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں شمالی اور جنوبی پنجاب میں جاری میگا اسپورٹس منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) کے عہدیداران نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں جدید کھیلوں کے منصوبے زیرِ تکمیل ہیں جبکہ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکسز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح شمالی پنجاب میں بھی عالمی معیار کے مطابق جدید اسپورٹس اسکیموں پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔

 صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے تمام منصوبے شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے۔ جدید گراؤنڈز، اکیڈمیز اور سپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر سے نئے ٹیلنٹ کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کے منصوبے پنجاب کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور حکومت صوبے کے ہر ضلع میں جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر قائم کر رہی ہے۔ اجلاس میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے افسران نے شرکت کی۔