افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

24

اسلام آباد، 17 اکتوبر (اے پی پی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، جبکہ خیبر پختونخوا کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی۔

اجلاس میں افغان پناہ گزینوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ واپسی کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وطن واپسی کے دوران بزرگوں، خواتین اور بچوں کے ساتھ احترام اور شائستگی سے پیش آیا جائے اور تمام انتظامات منظم انداز میں مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ افغان پناہ گزینوں کی باعزت اور محفوظ واپسی کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط حکمتِ عملی جاری رکھی جائے گی۔