کھیلوں کے فروغ کے بغیر صحت مند معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر

14

لاہور، 17 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر سے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور کوچ رشید ملک نے کی، جبکہ ملاقات میں سیکرٹری اسپورٹس مظفر خان سیال اور کوآرڈینیٹر اسپورٹس ملک انوش کھوکھر بھی شریک تھے۔ رشید ملک نے صوبائی وزیر کو اوپن ٹینس کورٹ کی سرگرمیوں اور آئندہ مقابلوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 21 اکتوبر کو شہریار ملک میموریل اوپن ٹینس چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ملک بھر کے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب میں ٹینس سمیت تمام کھیلوں کا مستقبل روشن ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور کھیلوں کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ فیصل ایوب کھوکھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے فروغ کے بغیر صحت مند معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا، اسی لیے پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔