لاہور، 17 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور ہڈیارہ ڈرین سمیت لاہور کی دیگر ڈرینز کی صفائی و ستھرائی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر سائرہ افضل نے اس حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہڈیارہ ڈرین سمیت پورے لاہور شہر کا تفصیلی سروے کرایا جائے گا تاکہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے حقیقی اسباب کا پتہ چلایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ صحت پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر پروفیسرز اور ماہرین کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے، جس میں ضلعی انتظامیہ، واسا، محکمہ ماحولیات اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شامل ہوں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ کمیٹی اپنی ریسرچ مکمل کرنے کے بعد ایک جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی، تاکہ مستقبل کے لیے دیرپا حکمت عملی تیار کی جا سکے۔











