پنجاب میں شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کا عمل تیزی سے جاری، صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس

7

لاہور، 17 اکتوبر (اے پی پی): پنجاب بھر میں شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں صوبے بھر میں جاری منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) سہیل اشرف نے وزیر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ نارووال۔مریدکے روڈ کی کارپٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے قریب ہے جبکہ بہاولپور میں 230 کلومیٹر طویل شاہراہوں کے مختلف حصے  ” پنجاب خوشحال پروگرام“کے تحت بحال کر دیے گئے ہیں، جس سے 40 لاکھ سے زائد شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آ چکی ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ چن دا قلعہ فلائی اوور کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، منصوبے کا مرکزی ڈھانچہ اور دیواروں کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ اسفالٹ بچھانے کے لیے مشینری موقع پر موجود ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے تمام منصوبوں میں مزید تیزی لانے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی وے اور بلڈنگ ونگ پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔