وفاقی وزیر خزانہ کی ٹی سی ایکس وفد سے ملاقات ، مقامی کرنسی میں فنانسنگ کے فروغ پر اتفاق

13

واشنگٹن ڈی سی، 17 اکتوبر  (اے پی پی ): وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں دی کرنسی ایکسچینج فنڈ کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ادارے کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر اور ڈپٹی سی ای او عثمان بوقرامی نے کی۔

ملاقات میں مقامی کرنسی میں قرض کی فراہمی، قرض مینجمنٹ حکمتِ عملی اور ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی میں فنانسنگ سہولت کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ٹی سی ایکس کے نمائندگان نے وزیر خزانہ کو ادارے کے آپریشنز اور مقامی کرنسی فنانسنگ ماڈل پر بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ نے ٹی سی ایکس کے ساتھ شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت پاکستان میں مقامی کرنسی پر مبنی قرضوں کے تحفظ کو مضبوط بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی اندرونی اور بیرونی قرضہ جاتی ذمہ داریوں کی مدت میں توسیع اور ری فنانسنگ و شرحِ سود کے خطرات میں کمی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی کے لیے پانڈا بانڈز، یوروبانڈز اور بین الاقوامی سکوک کے اجرا پر بھی کام کر رہا ہے۔

ٹی سی ایکس کی جانب سے وزارتِ خزانہ کو جمع کرائی گئی تجاویز پر تفصیلی فالو اپ کیا جائے گا اور مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔