کاکول ، 18 اکتوبر ( اے پی پی ) : پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقد ہونے والی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس نے دفاعِ وطن کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں ملک بھر سے منتخب کیڈٹس کے علاوہ دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی شرکت کی۔
اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر احمد مجتبٰی عارف راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے پاک فوج میں شمولیت کا فیصلہ قوم سے محبت اور وابستگی کے جذبے کے تحت کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ جوش، لگن اور عزم کے ساتھ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
پریزیڈنٹ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بٹالین سینئر انڈر آفیسر زوہیر حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے نے اُن کی شخصیت نکھارنے کے ساتھ ساتھ خدمت، وفاداری اور بہادری کے جذبے کو بھی جِلا بخشی۔
جینٹل مین کیڈٹ سید حاشر حسن کے مطابق، پی ایم اے نے انہیں حوصلے اور ایمانداری کے ساتھ وطن کے دفاع کے لیے تیار کیا۔ کورس انڈر آفیسر شہیر علی نے اسے اپنی زندگی کا یادگار سفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کیڈٹس کو چیلنجز بھرپور دنیا میں عزت و وقار سے جینے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔
پریڈ میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر کورس انڈر آفیسر سید محمد ہادی کو “کمانڈنٹ کین” سے نوازا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ایم اے نے انہیں مشکل حالات میں ثابت قدمی اور اعلیٰ کارکردگی کا ہنر دیا۔ اسی اعزاز کی حقدار کورس انڈر آفیسر ہادیہ کو بھی قرار دیا گیا، جو کورس کی بہترین لیڈی کیڈٹ رہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ نوجوان خواتین کے لیے رول ماڈل بن کر قوم کی خدمت کا خواب رکھتی ہیں۔
بین الاقوامی کیڈٹس میں نیپال سے تعلق رکھنے والے کمپنی جونیئر انڈر آفیسر ٹیکراج راوت کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے وطن کی نمائندگی کو باعثِ فخر قرار دیا اور پی ایم اے کو ایک یادگار تجربہ کہا۔
کو بہترین فرینڈلی کنٹری کیڈٹ قرار دیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ایم اے میں نظم و ضبط، دوستی، اور ترقی کا مثالی ماحول ملا، جو ہمیشہ یاد رہے گا۔
اکیڈمی سپورٹس سارجنٹ شاہ فیاض کے مطابق یہ سفر عزم، غیرت اور ایمان سے لبریز تھا۔ سارجنٹ عاصم منظور نے کہا کہ وردی صرف لباس نہیں بلکہ شہداء کی امانت ہے، جس کا وقار اور ذمہ داری سب سے مقدم ہے۔ کمپنی سارجنٹ میجر محمد ابراہیم نے کہا کہ اُن کا مقصد پاک فوج میں شمولیت کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے۔ اُنہوں نے بلوچستان کے عوام کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
جینٹل مین کیڈٹ احمد، جن کے والد اور بڑے بھائی ملک پر قربان ہو چکے ہیں، نے وطن کے لیے جان کا نذرانہ دینے کے جذبے کا اظہار کیا۔کمپنی جونیئر انڈر آفیسر احمد نعمان نے بتایا کہ اُن کے والد بھی پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اور اُنہی کو دیکھ کر بچپن میں یہ خواب دیکھا۔
آخر میں کمانڈنٹ نے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ پی ایم اے نے ایک بار پھر نظم و ضبط، عزم اور کردار کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔











