‎وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا گول میز اجلاس سے خطاب

16

‎واشنگٹن ڈی سی، 17 اکتوبر ( اے پی پی): وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں پیٹرسن انسٹی ٹیوٹ برائے بین الاقوامی معاشیات کے زیر اہتمام منعقدہ ایک گول میز مذاکرے سے خطاب کیا۔ یہ مذاکرہ “پاکستانی معیشت کے چیلنجز اور مواقع: 2025 اور اس کے بعد” کے عنوان کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتِ حال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

‎  انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ  کے ساتھ حالیہ اسٹاف لیول معاہدے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا، اور اس کے مثبت اثرات کو عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے جوڑا۔

‎سینیٹر اورنگزیب نے ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی، جن کا مقصد افرادی صلاحیت، نظام اور ٹیکنالوجی میں بہتری لانا ہے تاکہ محصولات میں اضافہ اور شفافیت ممکن ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے پاکستان میں نجکاری کے عمل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔

‎وزیر خزانہ نے زور دیا کہ حکومت کا اصلاحاتی عزم مضبوط اور واضح ہے، اور حالیہ جیوپولیٹیکل حالات پاکستان کے لیے نئے سرمایہ کاری و اقتصادی تعاون کے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔

‎گول میز مذاکرے میں شریک اقتصادی ماہرین اور پالیسی سازوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک درست معاشی سمت کی جانب گامزن ہے۔