ورلڈ سٹیٹسٹکس ڈے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر  قیادت آگاہی واک کا انعقاد

47

سیالکوٹ،20اکتوبر  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر  صباءاصغر علی  کی زیر  قیادت  ورلڈ سٹیٹسٹکس ڈے  کے موقع پر ایک آگاہی واک   کا انعقاد کیا گیا ۔

واک ڈی سی آفس کمپلیکس سے کچہری چوک تک نکالی گئی جس میں سٹیٹسٹکس آفیسر  بتول فاطمہ،سٹیٹسٹکس آفیسر ملک امتیاز،سٹیٹسٹکس آفیسرمحمد نیامت ، ضلعی افسران، محکمہ شماریات کے ملازمین ،اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباءاصغر علی  نے  کہا کہ شماریاتی معلومات ملکی ترقی کی بنیاد ہیں۔ درست، قابلِ اعتماد اور بروقت اعداد و شمار کے بغیر منصوبہ بندی اور پالیسی سازی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان  اعداد و شمار کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ قومی سطح پر ترقیاتی منصوبوں اور سماجی اصلاحات کے لیے مستند ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنرنے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر محکمہ شماریات کے افسران اور فیلڈ عملے کو جدید تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ ڈیٹا کلیکشن اور تجزیے کے عمل کو عالمی معیار کے مطابق انجام دے سکیں۔ اختتام پر شرکاء میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع سیالکوٹ میں اعداد و شمار کی فراہمی، شفافیت اور درستگی کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستان کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔