ایس ایم ایز کی ترقی سے متعلق اجلاس، خواتین کی شمولیت بڑھانے اور گھریلو صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی ہدایت

26

اسلام آباد، 20 اکتوبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے و درمیانے پیمانے کی صنعتوں میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں اور اس اقدام کی آگاہی مزید بڑھائی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ انہیں کاروباری وسعت کیلئے قرضوں کے حصول میں آسانی ہو۔

وزیرِ اعظم نے سمیڈا (SMEDA) کے روڈ میپ کے اطلاق کی واضح مدت طے کرنے اور اس پر جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بڑی صنعتوں کا خام مال ایس ایم ایز فراہم کرتی ہیں، اس لیے زرعی اجناس کی پراسیسنگ کیلئے دیہی علاقوں میں ایس ایم ایز کے حوالے سے تربیت یقینی بنائی جائے۔

وزیرِ اعظم نے سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے وزارتِ صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمیڈا کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی پر منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں جنہیں عوام اور چیمبرز کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ سمیڈا کا نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی بھی مکمل کر لی جائے گی۔

مزید بتایا گیا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے احکامات کے نتیجے میں ایس ایم ایز کی استعداد، قرضوں کی فراہمی، سرمائے اور شراکت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ خواتین کی ایس ایم ایز شعبے میں شمولیت اور حوصلہ افزائی کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی “ویمن پرینیورشپ پلیٹ فارم” تشکیل دیا جا رہا ہے جو خواتین کو کاروباری معلومات، رجسٹریشن، ٹیکس معاملات اور ہنر سے متعلق آگاہی فراہم کرے گا۔

اجلاس کو ایس ایم ایز کو رسمی معیشت کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات پر مشتمل روڈ میپ بھی پیش کیا گیا۔