اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی) :وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال کی زیرِ صدارت تھیلیسیمیا کی روک تھام اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کو عوام کے لیے آسان بنانے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران تھیلیسیمیا کی روک تھام اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے نظام میں بہتری سے متعلق مختلف سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیرِ صحت مصطفی کمال نے ہدایت کی کہ تھیلیسیمیا کی بیماری کی روک تھام کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی تشکیل دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کے طریقۂ کار کو عام شہریوں کے لیے آسان بنانے اور علاج کی سہولت کو زیادہ قابلِ رسائی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
مصطفی کمال نے زور دیا کہ ملک بھر میں تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے اسکریننگ پروگرامز اور آگاہی مہمات کو تیز کیا جائے جبکہ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹرز میں جدید سہولیات کی فراہمی اور ڈونر رجسٹری کے قیام کے لیے بھی فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
اجلاس میں فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ حامد یعقوب، مختلف ہسپتالوں کے سربراہان، سی ای او نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اور پیتھ ویل سینٹر آف ہیماٹولوجی اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ماہرین نے شرکت کی۔











