اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سکیورٹی ادارے، پولیس اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خلاف بھرپور ہم آہنگی اور فیصلہ کن انداز میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دیں ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر کو اس خطرے سے محفوظ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول سانحے کے بعد پوری قوم متحد ہوئی اور آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد جیسے بڑے فوجی آپریشنز نے ملک میں امن بحال کیا۔
وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملد رآمد کے لیے پرعزم ہے، جس میں صرف عسکری نہیں بلکہ غیر عسکری اقدامات جیسے معاشی اصلاحات اور انتہاپسندی کے خاتمے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار عالمی سفارت کاری میں مزید مضبوط ہوا ہے اور اقتصادی استحکام، ڈیجیٹائزیشن اور دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔











