اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی): وزارتِ صحت کی جانب سے منگل کے روز ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عرب جمہوریہ مصر کے ڈپٹی چیف آف مشن اور عالمی ادارۂ صحت کے پاکستان میں نمائندے نے شرکت کی۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ مصر کا انسان دوست اقدام قابلِ ستائش ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیرِ صحت نے کہا کہ مصر نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے حوالے سے مثالی کامیابی حاصل کی ہے جو پوری دنیا کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اسی ماڈل سے سیکھتے ہوئے اپنے قومی اہداف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ مصر کی جانب سے دی گئی یہ ادویات پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خلاف جاری مہم کو نہ صرف تقویت فراہم کریں گی بلکہ صحتِ عامہ کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز بھی کریں گی۔
عرب جمہوریہ مصر کے ڈپٹی چیف آف مشن نے کہا کہ یہ ادویات محض عطیہ نہیں بلکہ پاکستان اور مصر کے دیرینہ تعلقات کا عملی اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادویات خاص طور پر مستحق اور کمزور طبقات کے علاج معالجے میں استعمال ہوں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔











