سکھر۔22اکتوبر(اے پی پی):صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کے مشیر سید علی ممتاز زیدی کی جانب سے سکھر سرکٹ ہاؤس میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
اس موقع پر مشیر صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ سید علی ممتاز زیدی کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل حل کرنا اور انصاف فراہم کرنا محتسب ادارے کی اولین ترجیح ہے، ہر شکایت کا فوری اور شفاف ازالہ کیا جائے گا، کھلی کچہریوں کا مقصد عام شہریوں تک انصاف ان کے دروازے پر پہنچانا ہے، تاکہ ہر شہری بغیر کسی سفارش یا تاخیر کے اپنی شکایت پیش کرسکے، عوامی مفادات سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کیس درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محتسب اعلیٰ سندھ کے مشیر نے عوام کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے،جن محکموں کے خلاف شکایات موصول ہوئیں، ان کے افسران نے ذاتی حیثیت میں شرکت کرکے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
عوام کی جانب سے تنخواہیں نہ ملنے، کئی سالوں سے رکی ہوئی پنشن، معذور کوٹے کے تحت ٹیسٹ پاس کرنے کے باوجود نوکری نہ ملنے، صفائی ستھرائی، صاف پانی کی فراہمی سمیت متعدد مسائل پر شکایات پیش کی گئیں، کھلی کچہری میں سکھر اور گردونواح کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں نے شرکت کی اور مختلف محکموں کے خلاف زبانی و تحریری شکایات درج کرائیں۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب سکھر ابوبکر احمد مدنی بھی موجود تھے۔











