ملتان، 22 کتوبر (اے پی پی ): ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں کو مثالی صفائی خدمات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ بہتر سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے صفائی فیس کی وصولی کے سلسلے میں ریکوری وین کا افتتاح کر دیا گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر نے گلگشت کے علاقے میں ریکوری وین کا افتتاح کیا، اس موقع پر ڈویژنل منیجر آپریشن انوارالحق، ڈپٹی منیجر کرن خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
سی ای او نے فیتہ کاٹ کر وین کا باضابطہ افتتاح کیا اور کمرشل دکانوں میں صفائی فیس کے بل بھی تقسیم کیے۔
ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے سموگ آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس میں شہریوں میں آگاہی پمفلٹ اور بل تقسیم کیے گئے۔
عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ ریکوری وین مختلف علاقوں میں جا کر صفائی فیس کے بل فراہم کرے گی، صفائی فیس کی بروقت ادائیگی سے کمپنی کی سروسز میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔











