اسلام آباد،23اکتوبر (اے پی پی):پولینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ رادوسواف سکورسکی دو روزہ سرکاری دورہ پر جمعرات کو پاکستان پہنچ گئے۔
پولش نائب وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا نور خان ایئر بیس آمد پر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ)خالد جمالی نے استقبال کیا۔ پولینڈ کے نائب وزیر اعظم رادوسواف سکورسکی کا پاکستان کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے۔
پولینڈ کے نائب وزیر اعظم دورے کے دوران نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات اور دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پولینڈ کے نائب وزیر اعظم پاکستان کا دورہ اپنے ہم منصب نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کررہے ہیں۔











