سال 2025 کے حج کے دوران حجاج کرام کے علاوہ بچت کی رقم حجاج کرام کو واپس کی جا رہی ہے ،سردار محمد یوسف

20

اسلام آباد،23 اکتوبر(اے پی پی ):  وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوۓ کہا ہے کہ سال 2025 کے حج کے دوران حجاج کرام کے علاوہ بچت کی رقم حجاج کرام کو واپس کی جا رہی ہے جو 31 اکتوبر تک مکمل واپس کر دی جاۓ گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تقریبا ساڑھے تین ارب روپے کی رقم واپس کی جا رہی ہے۔ حاجیوں کے ہونے والے اخراجات کے علاوہ کی رقم واپس کی جا رہی ہے۔ 14 فیصد حجاج  کو 12 ہزار روپے فی کس کے حساب سے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے واپس کیے جا رہے ہیں، 16 فیصد کو 25000 روپے اور 10 فیصد کو 4000 روپے تک واپس کیے جا رہے ہیں۔

اس سال عازمین حج کو ٹرالی بیگ، ایک ہینڈ کیری، خواتین کو سکارف اور سعودی موبائل سم دی جاۓ گی جس میں 600 منٹ اور انٹرنیٹ شامل ہے۔ سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے تحت بکنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نےحجاج کے لیے سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں، حج 2026 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے وزارت نے بر وقت کام کیا۔ اخراجات کو مناسب حد تک روکنے اور سہولیات کو بہتر بنانے میں کامیاب ہوۓ۔

عازمین حج کی سعودی عرب میں رہنمائی کے لیے ناظم سکیم متعارف کرائی گئی جس کو اس سال مزید بہتر بنایا جا ۓ گا۔