اسلام آباد،23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے حکومت نے اضافی 7000 میگاواٹ بجلی صنعت اور زراعت کو سستے نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام سے نہ صرف پیداواری لاگت میں کمی آئےگی بلکہ معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ جمعرات کو جاری ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک میں سات ہزار میگاواٹ اضافی بجلی موجود تھی، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ بجلی صنعتی و زرعی شعبوں کو فراہم کی جائے گی کیونکہ یہ دونوں شعبے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ صنعتی شعبے کیلئے اضافی بجلی کے یونٹ کی قیمت 34 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے جبکہ زرعی شعبے کیلئے اضافی یونٹ کی قیمت 38 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے صارفین کے لیے بجلی کی اوسط قیمت خرید میں کمی آئے گی اور صنعت اور زراعت کے شعبوں کو اضافی بجلی کے استعمال پر کم نرخوں پر بجلی مہیا کی جائے گی جس سے پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔اویس لغاری نے کہا کہ اگر زرعی صارف پہلے 100 یونٹ استعمال کر رہا تھا، تو اضافی 100 یونٹ کے استعمال پر اس کی اوسط بجلی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی آئے گی جبکہ صنعتی شعبے میں اگر آپ 1000 یونٹ استعمال کر رہے تھے تو اب اضافی 1000 یونٹ کے استعمال پر اوسط بجلی کی قیمت میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کیلئے پہلے ہی قیمتیں کم کر چکے ہیں اور اب مزید کمی سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے اور امید ہے کہ اس اقدام سے معیشت میں بہتری آئے گی۔











