اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے نیشنل یونٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد، دیانت داری، اور اجتماعی محنت ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ عملی اقدامات اور مسلسل جدوجہد سے کیا جا سکتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان چھوڑا جا سکے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز، خصوصاً خان عبدالقیوم خان جیسے رہنماؤں کی خدمات کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے خلوصِ نیت اور جذبۂ حب الوطنی سے ملک کی خدمت کی۔ انہوں نے ان کے لیے خراجِ تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قوم کو اتحاد اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔











