سکھر رینج میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس

23

سکھر،23اکتوبر(اے پی پی):  وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کی زیر صدارت سکھر رینج میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع سکھر، خیرپور اور گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس،غلام نبی میمن، ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ، ، ایس ایس پیز سکھر، گھوٹکی ، خیرپور، دیگر پولیس افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر نے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی،وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی ہدایت دی۔

اس موقع پر وزیرداخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے، جرائم پیشہ عناصر کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے۔

ضیاءالحسن لنجار نے ہدایت کی کہ پولیس رینج کے تمام اضلاع میں انٹیلیجنس بنیادوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں اور کہا کہ  سندھ کے تمام اضلاع کو جرائم سے پاک بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔