وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے آسٹریلیا کی نگران ہائی کمشنر محترمہ نکول گیہوٹ کی ملاقات

15

اسلام آباد ، 24 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے آج آسٹریلیا کی نگران ہائی کمشنر برائے پاکستان محترمہ نکول گیہوٹ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور گوشت برآمد کرنے والے برادری کے نمائندگان بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کی گوشت کی برآمدات کی صلاحیت کے فروغ، موجودہ مسائل کے حل، اور آسٹریلیا کی جانب سے تکنیکی و ادارہ جاتی معاونت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں حکومت گوشت کی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے فعال اقدامات کر رہی ہے اور اہم ممالک کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حلال سرٹیفکیشن کی بدولت عالمی گوشت منڈی میں قدرتی برتری حاصل ہے جو پاکستان کے لیے اربوں ڈالر کی برآمدی آمدن کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ڈیری سیکٹر میں پہلے ہی تعاون موجود ہے، اور اس شراکت کو گوشت کی صنعت تک وسعت دینا ایک اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ تکنیکی معاونت اور مشترکہ تحقیقی منصوبے پاکستان کے برآمدی اہداف کے حصول کے لیے نہایت اہم ہیں۔

آسٹریلیا کی نگران ہائی کمشنر محترمہ نکول گیہوٹ نے پاکستان کی گوشت کے شعبے کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کا ملک زراعت کے شعبے میں مہارت، تربیت اور تعاون کے ذریعے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں پاکستانی آسٹریلیا کی افرادی قوت کا حصہ ہیں جبکہ آسٹریلیا پاکستانی طلبا کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی ایک معتبر منزل ہے۔

دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو دوستی، باہمی اعتماد، اور مختلف شعبوں میں تعاون کی بنیاد پر مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔