صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا سروسز ہسپتال میں پرائیویٹ رومز کا افتتاح

17

لاہور، 24 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے سروسز ہسپتال لاہور میں نئے پرائیویٹ رومز کا افتتاح کر دیا۔

 اس موقع پر سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز  میں ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل پروفیسر زوہرہ خانم، پروفیسر اسد اسلم خان، ایم ایس ڈاکٹر عابد محمود غوری، پروفیسر شہزاد انور اور دیگر فیکلٹی ممبران شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہےاور

 عوام کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران محکمہ صحت، پاک فوج، ریسکیو، پولیس، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں نے تاریخی ریسکیو آپریشن میں بنیادی کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ اراکین اور انتظامیہ فیلڈ میں مسلسل متحرک رہی، جس کے باعث ہزاروں متاثرین کو بروقت مدد فراہم کی جا سکی۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، اور ہماری کوشش ہے کہ ہسپتال آنے والے کسی مریض کو علاج کے لیے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور قربانی واقعی قابلِ فخر ہے۔