اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیو پیڈل ٹینس کورٹ ، فٹنس ایرینا کا افتتاح

8

‎اسلام آباد ، 25 اکتوبر ( اے پی پی):   وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کر دیا۔

‎افتتاح کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، چوہدری سالک حسین اور چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ پیڈل ٹینس کا دوستانہ میچ بھی کھیلا۔

‎محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کو کھیل اور تفریح کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف مثبت معاشرتی رویوں کو فروغ ملتا ہے بلکہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات بھی مضبوط ہوتے ہیں۔

‎وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش پر کام جاری ہے، جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کو تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو عالمی معیار کا دارالحکومت بنانا حکومت کا ہدف ہے، اور کھیل و ثقافت ایسے ذرائع ہیں جو دنیا بھر کے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ مہمان نوازی اور خوش اخلاقی پاکستانی قوم کی پہچان ہے، اور حکومت چاہتی ہے کہ اسلام آباد میں مقیم غیر ملکی سفارتکار خود کو محفوظ اور خوشگوار ماحول میں محسوس کریں۔