لودھراں، 25 اکتوبر (اے پی پی):ممبر بورڈ آف ریونیو (اے آئی ایم/آئی ٹی) امجد شعیب خان ترین نے ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سرکاری واجبات کی وصولی، سٹیمپ ڈیوٹی اور دیگر ریونیو معاملات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر، اسسٹنٹ کمشنر زارم شہزادی، غلام مصطفیٰ، اصغر لغاری، تحصیلدار اور دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔
امجد شعیب خان ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ریونیو حکومتِ پنجاب کے احکامات پر عمل درآمد کو اپنی ترجیح سمجھتا ہے، کیونکہ محصولات حکومت کی آمدن کا بنیادی ذریعہ ہیں جو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے زیرِ التواء میوٹیشنز کے فوری حل اور ریونیو ریکوری میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے لودھراں کی کارکردگی کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کہا کہ ریونیو اصلاحات کے مثبت اثرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں اور منظم حکمتِ عملی سے ضلع میں محصولات کی وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔











