کراچی ,25 اکتوبر(اے پی پی )؛چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس ایریا میں فارورڈ پوسٹس کا دورہ کیا اور پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تین جدید 2400 ٹی ڈی ہورکرافٹ پاک میرینز میں شامل کیے گئے، جو پاکستان نیوی کی آپریشنل استعداد کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اور اہم پیش رفت ہے۔
یہ ہورکرافٹ بیک وقت مختلف سطحوں پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جن میں اتھلے پانی، ریتیلے ٹیلے، دلدلی اور ساحلی علاقے شامل ہیں۔ یہ وہاں بھی مؤثر طور پر حرکت کر سکتے ہیں جہاں روایتی کشتیاں چلنے کے قابل نہیں ہوتیں۔ ان کی یہ منفرد صلاحیت زمین و سمندر دونوں محاذوں پر بیک وقت آپریشنز کی سہولت فراہم کرتی ہے، جو پاک میرینز کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں نمایاں برتری عطا کرے گی۔ اس اقدام سے پاکستان نیوی کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور کسی بھی ممکنہ دشمن کے خلاف فیصلہ کن ردِعمل دینے کی قوت میں اضافہ ہوگا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے موقع پر موجود افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت پاکستان نیوی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے جو ملکی بحری سرحدوں، خصوصاً کریکس ایریا کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “سی لائنز آف کمیونیکیشن (SLOCs) اور میری ٹائم سکیورٹی صرف عسکری ضرورت نہیں بلکہ قومی خودمختاری، معاشی خوشحالی اور استحکام کا بنیادی ستون ہیں۔
ایڈمرل نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی بحرِ ہند میں امن و استحکام کی ضامن اور علاقائی بحری سلامتی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ “ہم اپنی خودمختاری اور بحری سرحدوں کے ہر انچ کا دفاع کرنا جانتے ہیں ۔











