پی ایس ایل فرنچائزز کے نئے 10 سالہ معاہدے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

14

‎اسلام آباد،  26 اکتوبر ( اے پی پی): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نئے 10 سالہ فرنچائز معاہدے کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے میں چارٹرڈ فرم ای وائے مینا   کے نمائندوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے اہم ملاقات کی۔

‎ملاقات میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر سید بھی شریک تھے۔

‎ای وائے مینا کے محسن اقبال اور ان کی ٹیم نے چیئرمین پی سی بی کو پی ایس ایل کی ویلیوایشن رپورٹ پیش کی۔

‎ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے رپورٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی سوالات کیے اور چارٹرڈ فرم کو ہدایت کی کہ وہ تمام فرنچائزز سے ملاقاتیں مکمل کرے تاکہ نئے معاہدوں کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق ویلیوایشن رپورٹ کی بنیاد پر ہی فرنچائزز کے ساتھ نیا 10 سالہ معاہدہ طے پائے گا۔ چارٹرڈ فرم ای وائے مینا فرنچائزز کی نئی مارکیٹ ویلیو کا تعین کرے گی۔

‎واضح رہے کہ پی ایس ایل کی 6 فرنچائزز کے موجودہ کنٹریکٹس دسمبر میں ختم ہو رہے ہیں، جبکہ اگلے مرحلے میں پی ایس ایل کی ٹیموں کی تعداد 8 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ نئے معاہدے صرف اہل فرنچائزز کے ساتھ کیے جائیں گے۔