لاہور، 26 اکتوبر (اے پی پی): کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا 18واں سینٹ اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جسٹس شہرام سرور، ارکان پنجاب اسمبلی شہربانو، فرزانہ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ زاہدہ اظہر، عصمت طاہرہ، ایڈیشنل سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سدرہ سلیم سمیت متعدد فیکلٹی ممبران و افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران 17ویں سینٹ اجلاس کے منٹس، سال 2024-25 کے ریوائزڈ بجٹ اور 2025-26 کے تخمینہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اینڈوومنٹ فنڈ کے رولز آف مینجمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی عالمی شہرت یافتہ طبی درسگاہ ہے، جس کی ترقی کیلئے تمام سینٹ اراکین کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب طبی اداروں میں شفافیت، جدید ٹیکنالوجی اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح صوبے میں نرسنگ کے شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔انہوں نے چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری، ڈائیلاسز اور ٹرانسپلانٹ پروگرامز کو حکومت پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے قرار دیا۔جسٹس شہرام سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہے اور بہتر کیو ایس رینکنگ یونیورسٹی کی انتظامیہ کی انتھک محنت کا ثبوت ہے۔وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے کہا کہ میو ہسپتال میں کورنیئل ٹرانسپلانٹ کے کامیاب آپریشنز جاری ہیں جبکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی نئی عمارت پر تیزی سے کام جاری ہے۔











